Thursday November 28, 2024

وفاقی حکومت نے سکیورٹی خدشات کے باعث پاک افغان سرحد بند کردی

پشاور (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے سکیورٹی خدشات کے باعث پاک افغان سرحد بند کردی، سرحد کو محرم الحرام کے دوران 2 روز کیلئے بند کیا گیا ہے، سرحد پر ہر قسم کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے محرم الحرام میں سیکیورٹی خدشات کے باعث چمن کے ساتھ پاک افغان سرحد کو تجارتی سرگرمیوں کیلئے بند کردیا ہے۔ سرحد پر 2 دن کیلئے ہر قسم کی آمدورفت معطل رہے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیوری خدشات کے باعث افغان سرحد 9 اور 10 محرام الحرام کو بند رہے گی۔ اس دوران سرحد پر دوطرفہ تجارت سمیت پیدل آمدورفت بھی معطل رہے گی۔ سرحد بند ہونے سے ایف آئی اے کے امیگریشن آفس اور ویزا سیکشن بند کر دیے گئے جبکہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور نیٹو سپلائی معطل ہوگئی ہے۔

واضح رہے پاکستان میں حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں نویں محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی اداروں نے سخت ترین انتظامات کے ساتھ جلوس والے راستوں میں موبائل سروس معطل کردی ہے۔ اسی طرح ملک بھر میں 9 اور 10 محرم کو عام تعطیل بھی کی گئی ہے۔ اسی طرح ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی 9 محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا گیا ۔ نویں محرام الحرام پر پشاور میں مختلف امام بارگاہوں سے 16 چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہو ئے،نویں محرم الحرام کا پہلا مرکزی ماتمی جلو س امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر صبح 10 بجے سے ہوا ، جلوس روایتی راستوں صدر روڈ، فخرعالم روڈ، کالی باڑی، چوک فوارہ سے ہوتا ہوا اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا، دوسرا مرکزی ماتمی جلو س امام بارگاہ بی بی صاحبہ محلہ ذکری تحصیل سے سہ پہر 3، شب عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ سائیں زرین امامیہ کالونی گلبہار سے سہ پہر 3 بجے اور امام بارگاہ بنی ہاشم علی کالونی سٹی ریلوے سٹیشن سے سہ پہر ساڑھے تین بجے برآمد ہوئے ،

جبکہ ، جلوس علم امام بارگاہ پتھر والا محلہ ھودہ گنج سے رات 9 بجے، امام بارگاہ حسین آباد محلہ گل بادشاہ جی جہانگیر پورہ سے رات ساڑھے 9 بجے ، علم امام بارگاہ سید عالم شاہ جعفری کوچی بازار سے رات ساڑھے نو بجے علم امام بارگاہ آغا بہادر محلہ جٹاں یکہ توت سے رات 10 بجے، امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر روڈ سے رات ساڑھے 10 بجے ، علم امام بارگاہ آغا سید مصطفی شاہ محلہ خداد اد سے رات 11 بجے، امام بارگاہ سید حیدر شاہ کوچہ حیدر شاہ جہانگیر پورہ سے رات 12 بجے برآمد ہو ئے۔

FOLLOW US