Monday January 20, 2025

بجلی بھی بند اور موبائل فون کے سگنل بھی غائب پورا کراچی پانی میں ڈوب گیا۔۔۔23 افراد جاں بحق

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں بارشوں نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے،مختلف واقعات میں 23 افراد جان کی بازی ہار گئے، شہر میں بارش کا نصف صدی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، رواں ماہ اب تک 442 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، 53 سال پہلے جولائی 1967 میں کراچی میں 429 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ کراچی میں بارش کا سلسلہ جمعرات کی صبح شروع ہوا جو وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔ شہریوں کے گھر ڈوب چکے ہیں اور اب تو بارش کے پانی نے پوش علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔کئی علاقوں میں بجلی بھی غائب ہے،بجلی کی عدم فراہمی اور بارشوں سے شہر میں موبائل فون سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔کچھ علاقوں میں موبائل سگنل آ رہے ہیں،کچھ میں نہیں جب کہ متعدد علاقوں میں تو بجلی 24 گھنٹوں سے بند ہے۔

موبائل فون ٹاورز کو بجلی نہیں مل رہی،جنریٹر سے ایندھن ختم ہو چکا ہے۔ بارش سے بعض ٹاورز کو نقصان پہنچا۔پانی نے سوئچ روم کو بھی متاثر کیا۔سیلاب کی وجہ سے زیر زمین فائبر آپٹک خراب ہونے سے موبائل سروس متاثر ہوئی ہے۔ پورے کراچی میں اس وقت صورتحال کنڑول سے باہر ہو چکی ہے۔کراچی ایک سمندر کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔شہری رل چکے ہیں جب کہ انتظامیہ کہیں بھی نظر نہیں آ رہی۔محکمہ موسمیات کے پاس کراچی کی بارشوں کا 89 سال کا ریکارڈ موجود ہے، اس ریکارڈ کے مطابق شہر قائد میں گزشتہ 89 سال کے دوران کبھی اتنی بارش نہیں ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ شہر قائد میں 400 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صرف ایک دن کے دوران اب تک پی اے ایف فیصل بیس پرسب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی۔ جبکہ کراچی کے قریب واقع حب ڈیم 13 سال بعد مکمل طور پر بھر گیا ہے۔ اس تمام صورتحال میں آرمی چیف کے حکم پر پاک فوج امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ تاہم سیاسی قیادت اور شہری انتظامیہ منظر عام سے غائب ہے۔

FOLLOW US