Thursday November 28, 2024

راولپنڈی اور اسلام آباد میں 5 ماہ بعد میٹرو بس سروس بحال کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) راولپنڈی اور اسلام آباد میں 5ماہ بعد میٹرو بس سروس بحال کرنے کا فیصلہ، میٹرو بس سروس آئندہ چند دنوں میں بحال کر دی جائے گی۔ میٹرو بس سروس کی بحالی کے لیے ایس او پیز تیار کیے جا رہے ہیں، تفصیلات کے مطابق میٹرو بس سروس کے تمام آپریٹرز کو تیار رہنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں جب کہ میٹرو ٹریک پر آزمائشی طور پر بسیں چلائی جارہی ہیں۔ پنجاب حکومت کی حتمی اجازت سے ہی سروس بحال کی جائے گی۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مارچ کے آخر میں میٹرو بس سروس بند کر دی گئی تھی۔

میٹرو بس سروس کی معطلی کے بعد میٹرو بسیں متعلقہ اڈوں پر کھڑی کردی گئی تھیں۔ مینجر آپریشن راولپنڈی شمائلہ محسن کا اس بابت کہنا تھا کہ میٹرو بس سروس کی بندش چیف سیکرٹری پنجاب کے ہر آئندہ احکامات تک کی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میٹرو بس سروس کے ذریعے صرف جڑواں شہروں (راولپنڈی اور اسلام آباد) کے مابین روزانہ ایک لاکھ پندرہ ہزار سے ایک لاکھ پچیس ہزار مسافر روزانہ سفر کرتے تھے جو کہ کورونا وائرس کے بعد کی صورتحال میں انتہائی کم ہوگئے۔ مینجر آپریشن کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں آج 23 مارچ سے میٹرو بس سروس آئندہ احکامات تک بند رہے گی۔دوسری جانب حکومت پنجاب نے میٹرو بس کے کرایہ میں دس روپے کا اضافہ کردیا ہے۔ کرایہ بڑھانے سے صوبائی حکومت کو سالانہ دو ارب روپے سے بھی زائد بچت ہوگی۔ میٹرو کے کرائے میں اضافے کی منظوری صوبائی کابینہ نے دی۔ حکومت پنجاب نے میٹرو بس کا کرایہ پہلے 20 روپے سے بڑھا کر 30 روپے کیا تھا جو اب 40 روپے کردیا گیا ہے۔ صوبائی وزارت خزانہ اور وزارت ٹرانسپورٹ کے ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جن روٹس پر میٹرو بس چل رہی ہے وہاں چنگ چی رکشہ 40 روپے اور ویگن 50 روپے کرایہ وصول کررہے ہیں۔

FOLLOW US