راولپنڈی (ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی سعودی سفیر سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران باہمی دفاعی اور دیگر دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی جانب سے پیر کے روز پاکستان میں تعینات سعودی سفیر سے اہم ملاقات کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں کے درمیان باہمی دلچسپی اور علاقائی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دفاعی تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز ہی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی جانب سے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض کی جانب سے آرمی چیف کا استقبال کیا گیا۔ اس دورے کے دوران آرمی چیف کو ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آئی ایس آئی کی کارکردگی کو بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔