باڑہ (ویب ڈیسک) باڑہ کے علاقے میں ٹائیگر فورس کی جانب سے لگائے گئے ہزاروں پودے اکھاڑ پھینکے گئے، پودے اکھاڑنے والے اہلِ علاقہ نے کہا ہے کہ پوچھے بغیر ہماری زمین پر قبضہ کرکے شجر کاری کی گئی اس لیے پودے اکھاڑ دیے۔ تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں ایک روزہ قومی شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے۔ ملک بھر میں ٹائیگر فورس کے ساتھ مل کر پاکستانی عوام پودے لگا رہی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے صاف ستھری فضاء فراہم کیا جاسکے۔ ٹائیگر فورس ملک بھر میں آج کروڑوں نئے پودے لگا رہی ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں بھی شجرکاری مہم جاری ہے لیکن یہاں پر مقامی افراد نے اس مہم کو تنازہ کا شکار کردیا ہے۔ ٹائیگرفورس نے زمین پر ہزاروں پودے لگائے لیکن پھر ایک دم کئی لوگوں نے وہاں دھاوا بول دیا اور تمام پودے اکھاڑ دیے۔
پودے اکھاڑنے والوں نے شجرکاری کے میدان کو میدانِ جنگ بنا دیا۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری زمین پر قبضہ کر کے ہماری مرضی کے بغیر وہاں پودے لگائے گئے ہیں اس لیے ہم نے پودے اکھاڑ دیے۔ پودے اکھاڑے جانے کی وجہ سے لاکھوں روپے کا حکومت کا نقصان بھی ہوا ہے جبکہ بہت سے پودے ضائع بھی ہوگئے ہیں۔ ٹائیگر فورس نے ان لوگوں کو سمجھانے کی کوشش بھی کی کہ انہیں یہاں پودے لگانے کی ہدایت کی گئی ہے، اگر یہ ان لوگوں کی زمین بھی ہے تو پودے ان کے ہی ہوں گے، انکو نقصان نہیں ہوگا لیکن ان لوگوں نے ایک بات نہ سنی اور کم علمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا اور ملک کا شدید نقصان کیا۔ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی بہتری اور آنے والی نسلوں کی سلامتی کیلئے وزیراعظم عمران خان ٹائیگر فورس کے ساتھ مل کرملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم شروع کررہے ہیں۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میری اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان اورارکان سے درخواست ہے کہ ملکی مفاد کی خاطر سیاسی اختلافات ایک جانب رکھ کر اس قومی مہم کا حصہ بنیں۔