Tuesday January 21, 2025

میٹرو بس سروس 138 دن بعد بھی بحال نہ ہوسکی، خسارہ 54 کروڑ کے قریب پہنچ گیا

لاہور (ویب ڈیسک) میٹرو بس کا خسارہ 54 کروڑ کے قریب پہنچ گیا، تفصیلات کے مطابق میٹرو بس سروس 138 دن بعد بھی بحال نہ ہوسکی، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو53 کروڑ 83 لاکھ سے زائد کے ریونیو خسارے کا سامنا ہے۔ میٹرو بس سروس پر روزانہ اوسطاً ایک لاکھ 30 ہزار شہری سفر کرتے تھے، میٹرو بس سروس کی لاک ڈاون سے قبل ایک دن کی آمدن 39 لاکھ روپے تھی، بس سروس کی بندش سے اتھارٹی اور آپریٹر کمپنی دونوں کو نقصان ہوا ہے، میٹرو بس سروس کی آپریٹر کمپنی کی تنخواہوں کا بوجھ اتھارٹی کو اٹھانا پڑا ہے۔

ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے جنرل مینجر کے مطابق میٹرو بس سروس کو چلانے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، 39 سیٹوں والی میٹرو بس کو کھڑے مسافروں کے بغیر چلانا مشکل ہے۔ جنرل مینجر عزیر شاہ کے مطابق پنجاب حکومت اور محکمہ صحت کی اجازت کے بعد ہی فیصلہ ہوگا، جبکہ میٹرو بس کو ایس او پیز کے تحت چلانے کی تیاریاں مکمل ہیں، بسیں چند ماہ پہلے سے ہی ڈس انفیکٹ کی جارہی ہیں، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام کو بس میں کھڑے ہو کر سفر نہ کرنے کی شرط پر تحفظات ہیں۔

خیال رہے کہ لاہور میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 15 مارچ کو سامنے آیا تھا جس کے بعد 23 مارچ کو پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر میں کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا، تب سے میٹرو بس سروس، تعلیمی ادارے، سینما گھر اور تھیٹر بھی بند ہیں۔ ذرائع کے مطابق کورونا حملوں میں کمی آنے کے بعد حکومت نے کاروبار زندگی بحال کرنے کا اعلان کردیا ، ٹرانسپورٹ مکمل بحال کردی گئی، تعلیمی ادارے 15 ستمبرکو کھل جائیں گے، کورونا وائرس سے اب تک شہر میں مجموعی طور پر 831 اموات ہوچکی ہیں اور کیسز کی تعداد 47838 ہوگئی ہے۔

FOLLOW US