Sunday May 5, 2024

پنجاب حکومت نے لاک ڈاون میں کچھ نرمی کر دی، مزید کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی گئی

لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاک ڈاون میں کچھ نرمی کر دی، درزیوں، ڈرائی کلینرز، ایکسچینج کمپنیز کو معمول کے مطابق کام کرنے کی اجازت مل گئی، فرٹیلائزر کمپنیوں کو بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی، کریانہ کی دکانوں، میڈیکل اسٹورز پر پہلے ہی کوئی پابندی نہیں تھی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے عیدالاضحی کے موقع پر لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران درزیوں، ڈرائی کلینرز، فرٹیلائزر اورایکسچینج کمپنیز استثنی دے دی ہے۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔ سیکریٹری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے اعلان کے بعد وہ لوگ جو بیرون ملک اپنے عزیزوں کو رقم بھیجنا چاہتے ہیں انہیں عید کے موقع پر بیرون ملک سے بھیجی جانے والی رقوم حاصل کرنے میں دشواری نہیں ہوگی۔ نوٹی فیکیشن سے متعلق محمد عثمان کا کہنا ہے کہ فصلوں پر بروقت زرعی ادویات کے استعمال کے پیش نظر فرٹیلائزر کمپنیوں کو بھی کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

لاک ڈاون میں کھلے رکھے جانے والے تمام کاروبار حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی صورت حال میں بھی عوام کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبہ بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد رش کے باعث کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے باعث صوبے میں کرونا کیسز کی شرح میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ سیکریٹری صحت نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے تعاون اور حکومت کے بروقت فیصلوں کے باعث وباء کو کنٹرول کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ عوام حکومت کیساتھ تعاون کرے اور وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد دے۔

FOLLOW US