Monday May 13, 2024

ٹائیگر فورس نے جانوروں کے اسپتال پر دھاوا بول دیا، اسپتال میں ماسک نہ پہننے پر رشوت طلب کی، واقعے کی ویڈیو وائرل

لاہور (نیوز ڈیسک) ٹائیگر فورس کے اہلکاروں نے جانوروں کے ہسپتال پر دھاوا بول دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹائیگر فورس نے چاہ میرا کے قریب رات گئے جانوروں کے کلینک پر دھاوا بول دیا۔ماسک نہ پہننے پر مبینہ رشوت کا بھی مطالبہ کیا۔اس حوالے سے ڈاکٹر ذیشان کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس کی جانب سے ویٹنری اسپتال میں ماسک نہ پہننے پر رشوت کا مطالبہ کیا گیا۔ رشوت نہ دینے پر ٹائیگر فورس کے نوجوانوں نے تلخ کلامی کی۔اہل علاقہ کی جمع ہونے پر ٹائیگر فورس کے نوجوان جان بچا کر نکلے۔اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس نے عام شہریوں کو لوٹنے کے لیے کمر کس لی ہے۔صارفین کی جانب سے ویڈیو وائرل ہونے پر سخت غصہ کا اظہار کیا گیا ہے اور وزیراعظم عمران خان سے واقعے کا نوٹس لینے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا، لیکن ٹائیگرفورس فعال نہ ہوسکی۔ ٹائیگرفورس پر وزیراعظم ، وزیراعلیٰ اور بیورو کریسی کے درمیان 38 اجلاس ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹائیگرفورس کی حتمی فہرستیں تیار ہوسکی ہیں اور نہ ہی واضح ایکشن پلان سامنے آسکا۔ ٹائیگرفورس کو کبھی جیکٹس اور کبھی شناختی کارڈ دینے کی تجاویز دی گئیں۔ ٹائیگرفورس کی جو فہرستیں مرتب کی گئیں، ان میں متعدد افراد کام کرنے کو ہی راضی نہیں ہیں۔ پنجاب کے متعدد ڈپٹی کمشنرز نے بھی ٹائیگر فورس پر تحفظات سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ دوسری جانب شاہ محمود قریشی دوروز قبل اپنےعلاقے میں ٹائیگر فورس کی 60 فیصد حاضری کا تناسب بتا چکے ہیں۔ جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ٹائیگرفورس میں شامل افراد کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ ٹائیگرفورس کو فعال کیا جائے گا جو کہ ان علاقوں میں لوگوں کی مدد کریں گے اور باقی علاقوں میں ایس اوپیز ہر عمل درآمد کے حوالے سے بھی آگاہ کریں گے۔

FOLLOW US