Thursday November 28, 2024

لاہور میں ترقیاقی منصوبوں کا جال بچھانے کی تیاریاں اربوں روپے کی لاگت سے نئی سڑکیں اور فلائی اوور تعمیر ہوں گے

لاہور(ویب ڈیسک) لاہور میں ترقیاقی منصوبوں کا جال بچھانے کی تیاریاں، اربوں روپے کی لاگت سے نئی سڑکیں اور فلائی اوور تعمیر ہوں گے، فردوس مارکیٹ انڈر پاس کی تعمیر جاری، جبکہ شاہکام چوک فلائی اوور کی تعمیر جلد شروع ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ شاہکام چوک فلائی اوور منصوبے کی ماحولیاتی جائزہ رپورٹ پر عوامی شنوائی ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس جوہر ٹائون میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوا نے شہر یوں کے سوالات کے جواب دیئے۔انہوں نے بتایا کہ شاہکام چوک فلائی اوور/ڈیفنس روڈ منصوبے پر تین ارب 80کروڑ روپے لاگت آئے گی۔منصوبے کے تحت فلائی اوور ایک ارب روپے سے تعمیر کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ لیبر کالونی سے ملتان روڈ تک ڈیفنس روڈ کی توسیع پرسوا ارب روپے لاگت آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ٹریفک جام سے نجات اور گاڑیوں کے جلد سفر سے ایندھن کم استعمال ہوگا اورماحولیاتی آلودگی میں کمی ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ منصوبے کی تکمیل سے قریبی رہائشی سکیموں کے ہزاروں مکینوں کو فائدہ ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ان 2 منصوبوں کے علاوہ بھی لاہور میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جا چکا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ جبکہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس کی تعمیر بھی شروع کی جا چکی۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے اور 2 سال کے وقفے کے بعد پہلی مرتبہ لاہور شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے۔

FOLLOW US