سیالکوٹ (ویب ڈیسک) پنجاب کے 4 بڑے شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر رکیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی، گجرات ، سیالکوٹ اور گوجرانوالا کے زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے ایریاز میں اشیاء ضروریہ میسر رہیں گی اور لاک ڈاؤن کا مقصدزیادہ کیسز والے علاقوں سے آمدورفت کو محدودکرنا ہے۔
سیالکوٹ میں کلاں لدھڑ اور ٹاؤن غازی پور، واہ کینٹ میں وارڈ 3، وارڈ 8 اوریوسی سرائے کالا میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جب کہ گجرات میں محلہ کالوپورہ، چاہ ترنگ اورگاوں مدینہ سیداں میں اسمارٹ لاک ڈان لگایا گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں نندی پور، اروپ ٹاؤن اور قلعہ دیدار سنگھ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر حکومت نے عید کے دنوں کے دوران بازاروں کو مکمل بند کرنےپر غور شروع کردیا ہے،بازاروں ،مارکیٹوں میں رش بڑھنے سے کورونا وائرس کا پھیلائو بڑھنے کا خدشہ ہے۔
بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ ،تعلیمی ادارے پہلے ہی بند ہیں۔خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 1 ہزار 332 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 ہزار 331 ٹیسٹ کیے گئے، جب کہ اب تک 17لاکھ 76 ہزار 882 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 332 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد اب تک 2 لاکھ 67 ہزار 428 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 51 ہزار 283 اب بھی فعال ہیں جب کہ 2 لاکھ 10 ہزار 468 سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک بھرکےاسپتالوں میں 255 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں