اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک کے 23 اضلاع میں گزشتہ 5 روز کے دوران کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، 2 لاکھ 8 ہزار30 افراد کورونا وائرس کو شکست دیکر مکمل صحت یاب ہو چکے، ایکٹیو کیسز کی تعداد صرف 52 ہزار رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس بحران بہت تیزی سے خاتمے کی جانب گامزن ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے 23 اضلاع ایسے ہیں جہاں گزشتہ 5 روز سے کورونا کا ایک بھی نیا کیس رپورٹ نہ ہوا۔ اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاں صورت حال بہت بہتر ہے اور بلوچستان میں کورونا کےکیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
صوبے کے 23 اضلاع میں گزشتہ 5 روز کے دوران کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ۔ گزشتہ روزکورونا کے صرف 5 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ صوبے میں کورونا سے صحت یابی کی شرح بھی80 فیصد تک ہوگئی ہے۔ جبکہ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اپ ڈیٹس کے مطابق ملک میں 2 لاکھ 8 ہزار30 افراد کورونا وائرس کو شکست دیکر مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 52ہزار 427کورونا ایکٹو کیسز ہیں۔آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹیلیٹرپر نہیں ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17 ہزار787 ٹیسٹ کیے جن میں 1087 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، مزید 40کورونا مریض انتقال کر گئے، ملک بھرمیں کورونا سے جاں بحق افرادکی تعداد 5 ہزار 639 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے ٹیسٹوں میں سندھ کے 7069، پنجاب کی7003، کے پی کے کی1845، اسلام آباد کے 1452، بلوچستان کی104 ، گلگت بلتستان کے 63 اور آزاد کشمیر کے 247 ٹیسٹ شامل ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں 1825 وینٹیلیٹرز کورونا مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں،261مریض وینٹی لیٹر پر ہے۔ اب تک ملک بھر میں کورونا کے مجموعی متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 96 ہے ۔ ملک کے 733 ہسپتالوں میں 2434 کورونا مریض زیر علاج ہیں۔