Friday May 17, 2024

بریکنگ نیوز! صحافی مطیع اللہ جان بازیاب، گھر پہنچ گئے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اغواء ہونے والے سینئرصحافی مطیع اللہ جان بازیاب، مطیع اللہ جان اپنے اہلِ خانہ کے پاس اپنے گھر پہنچ گئے، آج صبح اسلام آباد میں اغواء ہونے والے صحافی مطیع اللہ جان بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔ مطیع اللہ کو فتح جنگ کے قریب ایک کچے علاقے میں چھوڑا گیا۔ خیال رہے کہ آج صبح سینیئر صحافی کو اس وقت اغواء کرلیا گیا تھا جب وہ اپنی اہلیہ کو انکے سکول چھوڑنے گئے تھے جہاں وہ تعلیم دیتی ہیں۔ صحافی کو چند افراد نے سکول کے باہر سے اغواء کرلیا تھا۔ ابھی یہ خبر آئی ہے کہ وہ بازیاب ہوچکے ہیں۔ تاحال یہ پتا نہیں چل سکا کہ انہیں کس نے اغواء کیا تھا اور اغواء کاروں کا مقصد کیا تھا۔ انکی بازیابی میں کسی تاوان وغیرہ کے حوالے سے بھی کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

سینئر صحافی اپنے بھائی کے ساتھ اب گھر اپنے اہلِ خانہ کے پاس پہنچ گئے ہیں۔ خیال رہے کہ کچھ دیر قبل ہی وزیراعظم عمران خان نے مطیع اللہ کے اغواء کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں بازیاب کروانے کی ہدایت کی تھی۔ صحافی کو اغواء کرنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، واضح رہے کہ کچھ روز قبل صحافی مطیع اللہ جان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی گئی تھی جسے اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسترد کر دیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت نے صحافی مطیع اللہ جان کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کیا تھا۔چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیسے متاثرہ ہیں ؟پاکستان بار کونسل اور اسلام آباد بار کونسل کا فورم آپ کے پاس موجود ہے۔ عام شہری اور سیاسی جماعتیں بھی سوشل میڈیا استعمال کرتی ہیں ۔کیا ہر ایک کے خلاف توہین عدالت شروع کریں۔ ججز اور عدلیہ کو اس سے اوپر ہونا چاہئے ۔عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیااور بعدازاں فیصلہ جاری کرتے ہوئے عدالت نے صحافی مطیع اللہ جان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

FOLLOW US