Tuesday January 21, 2025

پی آئی اے کے 50 فیصد ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پی آئی اے کے 50 فیصد ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان، سی ای او ارشد ملک کا کہنا ہے کہ ادارے کے 50 فیصد عملے کو گولڈن شیک ہینڈ کے ذریعے فارغ کردیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ ملک کی قومی ائیرلائن پی آئی اے کی حالت میں بہتری لانے کیلئے 50 فیصد ملازمین کو نکالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ادارے سے 50 فيصد عملے کو نکاليں گے۔ ان ملازمین کیلئے گولڈن ہینڈ شیک اسکیم لارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سپریم کورٹ میں پائلٹس کے جعلی لائسنس سے متعلق کیس کی سماعت دوران کیا۔ اس موقع پر عدالت نے بھی دو ٹوک کہہ دیا کہ پی آئی اے میں مزید بھرتیاں کرنے دیں گے نہ ہی روز ویلٹ ہوٹل سمیت کوئی اثاثہ اجازت کے بغیر فروخت کیا جاسکے گا۔ سپریم کورٹ نے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کو کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دو ہفتے میں جواب مانگ لیا۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے پائلٹس کے جعلی لائسنس جاری کرنے میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔ ریمارکس دیے گئے کہ پائلٹس کے جعلی لائسنسز پر دستخط کرنے والے جیل جائیں گے۔ سپریم کورٹ نے اسکینڈل میں ملوث سول ایوی ایشن حکام کیخلاف فوجداری مقدمات درج کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت عظمیٰ نے متعلقہ ادارے کو 2 ہفتے میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سخت سرزنش کی۔ ریمارکس دیے گئے کہ ملک میں تمام برائیاں ایئرپورٹس کے ذریعے ہی آتی ہیں۔ بعد ازاں سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ 2010ء سے 2018ء تک آڈٹ میں 262 پائلٹس جعلی لائسنس نکلے جن کیخلاف کارروائی جاری ہے۔

FOLLOW US