اسلام آباد( نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آخری سال لڑ لیں یا پہلے سال لڑ لیں، پانچ سال اپوزیشن سے لڑ کر یا اپوزیشن حکومت سے لڑ کر نہیں چل سکے گی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ احتساب کا عمل پہلے سال میں مکمل ہوجاتا تو بڑ ا زبردست ہوتا، نواز شریف کے باہر جانے اور جس طرح وہ باہر گئے اس عمل سے لوگوں کا احتساب پراعتماد بحال ہونا بہت مشکل ہے، اسی لیے کہتا ہوں کہ حکومت اور اپوزیشن کو کم از کم ایک ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا
کہ حکومت اور اپوزیشن اگر الیکشن کے عمل اور الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنے، عدالتی نظام کو بہتر بنانے اور اس کیلئے قانون سازی کرنے ، احتساب کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے آپس میں مفاہمت پیدا کرلیں تو ہم بنیادی ڈھانچے کو بہتر کرسکیں گے، غیر منتخب افراد کا کردار صرف مشاورت کی حد تک ہونا چاہیے فیصلہ سازی کا اختیار صرف منتخب افراد کے پاس ہوتا ہے۔