Wednesday May 15, 2024

لاہور سے ابوظہبی جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں وارننگ الارم بج گیا

کراچی (ویب ڈیسک) لاہور سے ابوظہبی جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں وارننگ الارم بج گیا، طیارہ لاہور کے قریب آدھے گھنٹے تک فضاء میں چکر لگاتا رہا، پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر لیا، طیارے کو کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کروانے کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کا ایک اور طیارہ دوران پرواز تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی شب کو لاہور سے ابوظہبی کی پرواز پی کے 9217 کیلئے اڑان بھرنے والا پی آئی اے کا طیارہ کچھ دیر بعد ہی تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا۔ طیارہ لاہور کے قریب ہی آدھے گھنٹے تک فضاء میں چکر کاٹتا رہا۔

بعد ازاں طیارے میں وارننگ الارم بج گیا جس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی طور پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔ طیارے کے پائلٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کیا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ پائلٹ طیارے کا رخ کراچی ائیرپورٹ کی جانب موڑ چکا ہے۔ کراچی ائیرپورٹ کے جناح ٹرمینل پر ہنگامی لینڈنگ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اب سے چند ہفتے قبل مئی کے ماہ میں لاہور سے کراچی جانے والا پی آئی اے کا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔ طیارہ لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ہی ائیرپورٹ کے قریب آبادی میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، حادثے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

FOLLOW US