Thursday April 18, 2024

وقت کیا سے کیا بنا دیتا ۔۔!! جہانگیر ترین کا سورج غروب ہونا شروع شوگر ملز ایسوسی ایشن پر حکمرانی کا تاج چھین لیا گیا۔

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) جہانگیر ترین سورج غروب، شوگر ملز ایسوسی ایشن پر حکمرانی کا تاج چھین لیا گیا۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن PSMA کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کی طویل حکمرانی خاتمہ ہوگیا ہے اور اب ذکا اشرف پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نئے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔اس سے قبل جہانگیر ترین گروپ کے نعمان احمد خان PSMA کے چیئرمین تھے جنہیں اب ہٹا دیا گیا ہے۔سیکرٹری PSMA کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ PSMA کے انتخابات میں ایک سال کے لیے تین نئے ایگزیکٹو ارکان کا انتخاب ہوا ہے۔یاد رہے کہ پی ایس ایم اے میں چند روز قبل پروگریسو گروپ نے جہانگیرترین کی طویل حکمرانی کے خلاف بغاوت کی تھی، گروپ کے ترجمان وحید چوہدری نے ایک بیان میں کہا تھا

کہ جہانگیر ترین کا چینی کی صنعت میں اثرورسوخ اس انڈسٹری کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ وہ نعمان احمد خان کو پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کوشش کریں گے۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایف آئی اے نے انکوائری کی تھی جس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملک میں چینی بحران سے سب سے زیادہ فائدہ جہانگیر ترین نے اٹھایا تھا۔ انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر مونس الہیٰ کی کمپنیوں نے اس بحران سے فائدہ اٹھایا تھا۔اس وقت جہانگیر ترین ملک میں موجود نہیں ہیں وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک میں مقیم ہیں، یہ خبریں بھی سامنے آئی کہ وہ نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن میں موجود ہیں جس کی تصدیق لیگی رہنماء رانا ثناء اللہ نے بھی کی ، انکا کہنا تھا کہ نواز شریف اور جہانگیر ترین میں رابطہ ہوا ہے ابھی تک ملاقات نہیں ہوئی، تاہم جہانگیر خان ترین ان خبروں اور دعوؤں سے اظہار لا تعلقی کر چکے ہیں۔

FOLLOW US