Saturday May 10, 2025

فرائض کی ادائیگی کے ساتھ حصول تعلیم کا شوق لاہور پولیس کے سب انسپیکٹر نے کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کرلی

لاہور (ویب ڈیسک) لاہور پولیس کے سب انسپیکٹر نے کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کرلی، فرائض کی ادائیگی کے ساتھ حصول تعلیم کا شوق رکھنے والا محمد عرفان انتھک محنت کے بعد پی ایچ ڈی کر سکالر ‘ڈاکٹر محمد عرفان’ بن گیا۔ لاہور کا سب انسپکٹر اپنے دیگر ساتھیوں کیلئے مثال بن گیا ہے، تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے محمد عرفان نےاپنی سخت ملازمت کے باجود تعلیم نہ چھوڑی اور پی ایچ ڈی کرنے کا خواب پورا کر دکھایا ہے۔

سب انسپکٹر محمد عرفان نے کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرلی ہے اور اب وہ سب انسپیکٹر ڈاکٹر محمد عرفان بن گیا ہے۔ محمد عرفان 2007 سے محکمہ پولیس میں فرائض انجام دے رہا ہے لیکن تمام تر مشکلات کے باوجود اس نے اپنا تعلیمی مشن جاری رکھا اور فرائض کی ادائیگی کے ساتھ حصول تعلیم کا شوق رکھنے والا محمد عرفان ہمت نے ساڑھے چار سال ان تھک محنت کے بعد آج وہ اپنے نام کے ساتھ فخر سے ڈاکٹر لکھنے کے قابل ہوگیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عرفان نے بتایا کہ ڈیوٹی کے ساتھ پڑھنا بہت مشکل ہے لیکن ارادے مضبوط ہوں تو انسان سب کچھ کرلیتا ہے۔ انچارچ انویسٹی گیشن تھانہ وحدت کالونی محمد عرفان نے مزید کہا کہ پولیس کی ڈیوٹی خدمت سمجھ کر کرتا ہوں، کامیابی کا سہرا اہلخانہ کے سر جاتا ہے۔ بیوی ناراض بھی ہوتی تھی کہ آپ نے گھر کو سرائے خانہ بنایا ہوا ہے پھر بھی بہت ساتھ دیا،عرفان کے ساتھی بھی اس کی کامیابی پر خوش ہیں۔ محمد عرفان ان تمام لوگوں کیلئے ایک مثال ہے جو قسمت یا پھر وسائل کا رونا روتے ہیں اور مشکلات کو حصول علم سے غافل ہونے کی وجہ قرار دیتے ہیں۔