Friday April 26, 2024

پاک فوج کے 105 سالہ ریٹائرڈ فوجی نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

چارسدہ(ویب ڈیسک) پاک فوج کے 105 سالہ ریٹائرڈ فوجی نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔ چارسدہ کے علاقے ترنگزئی سے تعلق رکھنے والے مولانا غازی فضل رؤف کا کئی ہفتے قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے تھے، قرنطینہ کے دوران ان کا علاج چلتا رہا جس کے بعد اب وہ کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ مولانا غازی فضل رؤف 1965 اور 1971 کے پاک بھارت جنگوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک عالم دین بھی رہ چکے ہیں جبکہ درس و تدریس سے بھی وابستہ رہے ہیں۔

کورونا سے نجات پانے کے بعد انہوں نے اللہ اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے لئے دعا کی اور ان کا علاج کیا۔ انہوں نے صحت یابی کے بعد تمام امت مسلمہ کے لئے دعا بھی کی جس پر ان کا کہنا تھا کہ جب انسان کا حوصلہ بلند ہو اور اللہ پاک کی ذات پر پختہ ایمان ہو تو وہ ہر قسم کی بیماری مشکلات اور آفات سے نجات پا سکتا ہے اور اس عزم کے لئے عمر کی کوئی قید بھی نہیں۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس نے اب پوری دنیا کی طرح پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے بعد حکومت کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ صورتحال کو کنٹرول میں رکھا جائے۔ اس مقصد کے لئے مختلف اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں جس کے اب مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ کے پی کے کی بات کی جائے تو خیبرپختونخوا میں جہاں کرونا کیسز میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے وہیں صحت یاب ہونیوالوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے اور صحت یاب افراد کی تعداد 15520 ہوگئی ہے جبکہ صحتیابی کی شرح 60 فیصد کے قریب ہے۔ گزشتہ روز کرونا سے 805 افراد صحت یاب ہوئے جبکہ 336 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

FOLLOW US