Saturday May 18, 2024

سندھ میں 102ہندوؤں نے بخوشی اسلام قبول کر لیا

بدین (ویب ڈیسک) سندھ میں 102ہندوؤں نے بخوشی اسلام قبول کر لیا، 12خاندانوں نے اپنی جیب سے 32 ہزار روپے خرچ کرکے قبولِ اسلام کی تقریب کا اہتمام کیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بدین کے ایک گاؤں میں سندھ کے سودیشی ہندؤں کی بھیل ذات سے تعلق رکھنے والے 102 افراد نے اجتماعی طور پر اسلام قبول کر لیا ہے۔ ضلع بدین کی تحصیل گولاڑچی کے نواحی گاؤں گوٹھ حبیب الرحمان پسیو میں اسلام قبول کرنے والے 12 ہندو خاندان کے 102 افراد میں نوجوان اور بوڑھے مردوں کے ساتھ خواتین، نوجوان لڑکے، لڑکیاں اور کمسن بچے اور بچیاں بھی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر موجود ایک ویڈیو میں اتنی بڑی تعداد میں ہندوؤں کے اسلام قبول کرنے کے بعد گاؤں کے کمسن بچے، نامز کے دوران پہنی جانی والی سفید رنگ کی ٹوپیاں پہنے گھومتے نظر آئے۔ گوٹھ حبیب الرحمان پسیو کے رہائشی جن کا نام قبولیت اسلام سے پہلے ساون بھیل تھا اور اب ان کا نام محمد اسلم شیخ رکھا گیا ہے نے بتایا ہے کہ مذہب کی تبدیلی والی یہ تقریب کسی اور نے نہیں منعقد کی تھی بلکہ انہوں نے اور انکے بڑے بھائی نے اپنی جیب سے 32 ہزار روپے خرچ کرکے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا، تاکہ وہ سب مسلمان ہوسکیں اور حیدرآباد سے مولوی صاحب کو بھی بلوایا تھا۔ اس کے علاوہ آس پاس کے گاؤں کے وہ افراد جو مسلمان ہونا چاہتے تھے ان کو بھی مدعو کیا. جن لوگوں نے مذہب تبدیل کیا ہے ان میں گوٹھ حبیب الرحمان پسیو کے رہائشی محمد اسلم شیخ، ان کی بیوی، چار بیٹیوں کے ساتھ ان کے بھائی اور بھائی کے خاندان، دو چچا اور تین چچا زاد بھائیوں سمیت پانچ خاندان شامل ہیں، جبکہ سات دیگر خاندانوں کا تعلق گولاڑچی تحصیل کے دیگر چھوٹے بڑے گاؤں سے ہے۔

FOLLOW US