Monday January 20, 2025

وزیراعظم نے اپنی انرجی ٹیم اور اس کی نااہلی کے خلاف ایکشن کا آغاز کردیا

لاہور(ویب ڈیسک) سینئر تجزیہ کار کامران خان نے کہا ہے کہ ویلڈن عمران خان! آپ نے ندیم بابر کی چھٹی کروا دی، پاور سیکٹر کو بچانے کے لئے انرجی ٹیم کی بقیہ دیواروں کو بھی دھکا دیں، تاکہ2200 ارب گردشی قرضوں کے دلدل سے پاکستان کو نکالا جاسکے۔ انہوں نے مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بہت اچھے عمران خان! کل ہم نے درخواست کی کہ اپنی انرجی ٹیم کو نکال باہر کریں۔ آپ کا بہت شکریہ کہ آپ نے فوری ایکشن لیا۔ اور ندیم بابر کی چھٹی کروا دی۔ پاکستان کو پاور سیکٹر سے بچانے کے لئے انرجی ٹیم کی بقیہ دیواروں کو بھی دھکا دیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی ٹیم میدان میں اتاریں 2200 ارب گردشی قرضوں کے دلدل سے پاکستان کو نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ ندیم بابر کا اصرار ہے کہ وہ اس وقت تک وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ہیں میرے ذرائع کہتے ہیں وزیر آعظم نے اپنی انرجی ٹیم اور اس کی نااہلی کے خلاف ایکشن کا آغاز کردیا ہے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی ندیم بابر سے پاور ڈویژن کا قلمدان واپس لے لیا ہے۔ جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے شہزاد سید قاسم وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پاورڈویژن مقرر کردیا ہے۔ شہزاد سید قاسم کے اختیارات وزیر مملکت کے برابر ہوں گے۔ تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں پاور سیکٹر انکوائری رپورٹ میں ندیم بابر آئی پی پیز کے دفاع میں سامنے آگئے تھے اور وزیراعظم عمران خان کی پالیسی کی بجائے آئی پی پیز کے شانہ بشانہ کھڑے ہو گئے تھے۔ ندیم بابر نے وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب کو خط ارسال کیا تھا اورمذاکراتی کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر عمر ایوب کی سوچ بدلنے کی کوشش کی تھی۔ ندیم بابر کے پاورپلانٹ، اورینٹ نے ایک سال میں 2 ارب روپے اضافی منافع کمایا تھا جبکہ ندیم بابر کا مئوقف ہے کہ وہ اورینٹ پاور میں حصہ دار ہیں جس نے 2 ارب نہیں صرف 16 کروڑ روپے فیول کھپت میں بچائے ہیں۔ تاہم وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی ندیم بابر سے پاور ڈویژن کا قلمدان واپس لےکر شہزاد سید قاسم کو معاون خصوصی برائے پاورڈویژن مقرر کردیا ہے۔

FOLLOW US