Monday January 20, 2025

شمال مغربی ہواوں کے ساتھ مون سون کا سسٹم لاہور میں داخل، طغیانی آنے کا الرٹ جاری

لاہور (ویب ڈیسک) شمال مغربی ہواوں کے ساتھ مون سون کا سسٹم لاہور میں داخل، طغیانی آنے کا الرٹ جاری، جمعہ سے 2 روز تک صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوگی، ندی نالوں میں طغیانی آنے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آج سے مون سون ہوائیں داخل ہوں گی جبکہ ہفتہ کو ان کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا۔

اسی روز مغربی ہوائوں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی امید ہے۔ اس نظام کے تحت کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں جمعہ سے منگل تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش (چند مقامات پر موسلادھار بارش) کا امکان ہے۔ اس عرصے کے دوران موجودہ گرم اور مرطوب موسمی صورتحال کی شدت کم ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مشرقی علاقوں (ژوب، بارکھان، لورالائی، موسیٰ خیل، سبی اور کوہلو) اور سندھ کے کچھ حصوں (سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص) میں بھی ہفتہ (شام) اور پیرکے دوران گرد آلود ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث ہفتہ اور اتوار کو پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر کے مقامی ندی نالوں اور پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔ لاہورسمیت صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ،گجرات، ملتان، ڈی جی خان،بہاولپور اور بہاولنگر میں شام اور رات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

FOLLOW US