اسلام آباد (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی نے بجٹ 2020-21ء کی حتمی منظوری دے دی ہے، ایوان میں حکومت کے 160ارکان جبکہ اپوزیشن کے 119ارکان موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی نے فنانس بل منظور کرلیا ہے۔ایوان میں وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ بل کی منظوری کیلئے حکومت کے 160ارکان جبکہ اپوزیشن کے 119ارکان موجود تھے۔ حکومت کو بل منظور کروانے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔؎قومی اسمبلی کا اجلاس کل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کل بھی ایوان میں اپنی اکثریت کو یقینی بنائیں۔
ن لیگ کے پارلیمانی رہنماء خواجہ آصف نے کہا کہ بل کو منظور کروانے کیلئے کورونا کے مثبت ارکان کو بھی لایا گیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت قومی اسمبلی کی کارروائی میں کورونا وائرس کی وباء سے متعلق حفاظتی اقدامات پرپوری طرح سے عمل پیرا ہے۔پیر کوقومی اسمبلی میں خواجہ آصف نے نکتہ اعتراض پر کہا تھا کہ آج مسلم لیگ (ن) کے وہ ارکان ایوان میں نہیں آئے جو کورونا پازیٹو ہیں جبکہ حکومت کے کورونا کے مریض ارکان کو یہاں بلایا گیا ہے۔ یہ اچھی بات نہیں ہے۔ آج سارا پاکستان اس اجلاس کو دیکھ رہا ہے۔ اگر اس صورت میں قوم کو یہ پیغام جائے گا کہ اقتدار کے لئے ایسا کیا گیا ہے تو یہ اس ایوان کی توہین ہوگی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا پازیٹو ارکان نہیں ہونے چاہئیں۔ اورنہ ہی حکومت نے ایسے کسی رکن کواجلاس میں دعوت دی ہے ہم غیر ذمہ دار نہیں اورنہ ہی مایوس ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجٹ سالانہ کارروائی ہے اور ہم قواعد کے مطابق اسے چلانے پرسپیکر کے شکر گزار ہیں۔ جس طرح ایوان بلایا گیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ اپوزیشن ارکان کو مقررہ وقت سے زیادہ موقع دیا گیا۔ کٹ موشن پر بھی موقع دیا گیا ہے۔ ہم نے احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ وہ یقین دہانی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔