اسلام آباد(ویب ڈیسک)قومی اسمبلی کا اجلاس، خواجہ آصف اور فواد چوہدری میں تلخ کلامی ہوگئی، خواجہ آصف معافی مانگیں، فواد چوہدری کا مطالبہ، قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر فواد چوہدری اور خواجہ آصف کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی، خواجہ آصف نے کہا کہ فواد چوہدری سے متعلق ایسی باتیں بتاؤں گا کہ انہیں ایوان میں جگہ نہیں ملے گی جس کے بعد فواد چوہدری نے خواجہ آصف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے ماسک پہنے بغیر گفتگو شروع کی تو حکومتی رکن اسمبلی شیریں مزاری نے اعتراض کیا اور کہا کہ جناب اسپیکر،
خواجہ آصف کو کہیں کہ ماسک پہنیں۔خواجہ آصف نے جواب دیا کہ یہ میرے سامنےنہیں ہیں، ان کو کوئی خطرہ نہیںاور ان کو تو ویسے بھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔خواجہ آصف نے اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کوسوات اور وزیرستان آپریشن میں کچلا گیا،جس نےدہشتگردی کو پاکستان میں فروغ دیا اسے یہاں وزیر اعظم نے شہید کہہ دیا، اللہ ہمیں دہشتگردی اور اس کی حمایت کرنے والوں سے بھی محفوظ رکھے۔اس موقع پر خواجہ آصف کی تقریر میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مداخلت کی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔فواد چوہدری نے خواجہ آصف کو کہا کہ اب بس بھی کریں کتنا بولیں گے،اس پر لیگی رہنما نے کہا کہ میں تمہارے متعلق ایسی ایسی بات کروں گا کہ تمہارا یہاں ایوان میں بیٹھنا مشکل ہوگا۔خواجہ آصف نے کہا کہ جناب اسپیکر یہ شخص مجھے 13 روز سے تنگ کر رہا ہے اس پر فواد چوہدری نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ انہیں کہیں کہ معافی مانگیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ان کی تقریر بند کرائیں، ہم ان کے حلقے کے مسائل سننے نہیں آئے، اسپیکر صاحب آپ رولز کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ فواد چوہدری پلیز حوصلہ رکھیں۔خواجہ آصف نے ایوان میں کہا کہ اسپیکر صاحب میں آپ کے چیمبر میں آ کر اس معاملے کی وجہ بتا دوں گا۔