Saturday May 18, 2024

وزیر اعلیٰ سندھ نے مرحوم منور حسن میں کورونا کی تشخیص کے حوالے سے دیا گیا بیان واپس لے لیا

کراچی (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ نے مرحوم منور حسن میں کورونا کی تشخیص کے حوالے سے دیا گیا بیان واپس لے لیا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعتراف کیا ہے کہ منور حسن کورونا میں مبتلا نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ‘منورحسن کورونا سے متاثرہ نہیں تھے مجھ سےغلطی ہوئی’۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بیان پر معذرت کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ’مجھے ابھی بتایا گیا کہ منور حسن کا انتقال کرونا سے نہیں ہوا بلکہ وہ نمونیہ کا شکار ہوئے تھے‘۔ خیال رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ اسبملی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مفتی نعیم، منور حسن اور طالب جوہری کورونا کا شکار تھے، مفتی نعیم کا کورونا ٹیسٹ نہیں کیا گیا لیکن مفتی نعیم کے اہلخانہ بھی کورونا میں مبتلا پائے گئے، اسی طرح علامہ طالب جوہری اور سید منور حسن بھی کورونا وائرس کا شکار تھے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ جماعت اسلامی کے سابق امیر منور حسن، معروف مذہبی اسکالر علامہ طالب جوہری کا کرونا سے انتقال ہوا۔ مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ مفتی نعیم کے اہل خانہ نے کرونا کا ٹیسٹ کرنے کی اجازت نہیں دی مگر اُن کے اہل خانہ میں اب علامات ظاہر ہورہی ہیں اور وہ کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔اب انہوں نے اپنا بیان واپس لے لیا ہے اور اس کے ساتھ ہی معذرت بھی کرلی ہے اور بتایا ہے کہ انہیں اب پتا چلا ہے کہ منورحسن کورونا سے متاثرہ نہیں تھے، منور حسن کا انتقال کرونا سے نہیں ہوا بلکہ وہ نمونیہ کا شکار ہوئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ سندھ میں کرونا ٹیسٹ کی یومیہ استعداد 14 ہزار ہے، اس معاملے کو وزارت صحت اور میں خود دیکھ رہے ہیں کہ گزشتہ تین روز میں ٹیسٹ کم ہوئے ہیں۔

FOLLOW US