مظفر آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے شہریوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کے اجرا اور احساس پروگرام کے پیسے دینے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق مظفر آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جو ایل او سی پر مشکل وقت گزار رہے ہیں ان کی مدد کرنے پر فخر ہے، آزاد کشمیر میں 12 لاکھ شہریوں کو ہیلتھ کارڈز جاری کیے جائیں گے اس کے علاوہ احساس پروگرام سے ایک لاکھ 38 ہزار خاندانوں کو پیسے دیے جائیں گے۔وزیر اعظم نے مودی سرکار کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی آر ایس ایس کی پیداوار ہے،
آر ایس ایس جرمنی کے ہٹلر کی نازی پارٹی کو اپنا رول ماڈل سمجھتے ہیں۔ مودی نے گجرات میں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے اور اب کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ فوج 80 لاکھ کشمیریوں پر منصوبہ بندی سے مظالم ڈھا رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مودی آر ایس ایس کی پیداوار ہے، جرمنی میں جو ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا وہی کشمیر میں مودی مسلمانوں کے ساتھ کر رہا ہے۔ بھارت کے پڑھے لکھے عوام بھی سمجھ رہے ہیں کہ مودی تباہی کی طرف ملک کو لے کر جارہا ہے ، بھارت خوف اور دہشت پھیلا کر ڈرانے کی کوشش کررہا ہے ، بھارت اپنی اس کوشش سے کشمیریوں کو ڈرا نہیں سکتا ، مقبوضہ کشمیر کے حالات تمام دنیا کے سامنے لے کر جاؤں گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کا معاملہ پوری دنیا میں اٹھا رہے تھے لیکن ایک صاحب آزادی مارچ لے کر آگئے جس کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا، اب وہ دوبارہ مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے اٹھائیں گے۔خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اس وقت دورہ آزادی کشمیر پر ہیں اور وہاں پر کشمیریوں کے لیے خصوصی اعلانات کر رہے ہیں۔