لاہور(ویب ڈیسک):کورونا علاج کے لیے پلازما فروخت کرنے والوں کو پکڑ کر کارروائی کریں، لاہور ہائی کورٹ نے حکم جاری کر دیا، کورونا کے مریضوں کا پلازمہ فروخت کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پلازمہ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔کورونا کے مریضوں کا پلازمہ فروخت کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان نے مقامی وکیل ارشد ورک کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ خون کی فروخت کے خلاف قوانین کی موجودگی کے باوجود عملدرآمد نہیں ہو رہا،ملک میں کورونا کے خلاف پلازمہ کی فروخت، قوانین کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے، خون کے اس دھندے میں اب بین الاقوامی مافیا بھی شامل ہو چکا ہے،عدالت سے استدعا ہے کہ کورونا کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کا پلازمہ فروخت کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔دوسری جانب سیکرٹری صحت نے پلازمہ فروخت ہونے کا اعتراف کر لیا۔جس پرچیف جسٹس نے پلازمہ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا اور ریمارکس دیے کہ پلازمہ فروخت کرنے والوں کو پکڑ کر کارروائی کریں۔