اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے قادیانیوں کے غیر قانونی ٹی وی چینلز سے متعلق کیس کارروائی کے لیے پیمرا کو بھجوا دیا ہے۔ قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم فورتھ پلر انٹرنیشنل ویجیلینٹ میڈیا واچ ڈاگ کے صدر فاروق مرزا نے قادیانی چینلز کی ڈش اور کیبل نیٹ ورک کے ذریعے جاری نشریات کی بندش کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیٹیشن دائر کی تھی۔پیٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ قادیانی چینلز میں سے “کڈز زون” نامی ایک چینل رسول کریم? کے خاکے اور نعوذ باللہ کارٹون اسلام آباد میں بھی دکھا رہا ہے
اور پیمرا کے بعض قادیانی حکام اس ناپاک سازش میں شامل ہیں۔ عدالت نے معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے معاملہ کارروائی کے لیے پیمرا کو بھجوا دیا ہے۔ نئی صورتحال میں فاروق مرزا نے پیمرا میں درخواست دی ہے جس پر چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے ڈی جی انفورسمنٹ کو معاملے کی تحقیقات کے بعد قادیانی چینلز کی نشریات بند کرنے کے ساتھ قادیانی چینلز کے مالکان اور ان کے ایجنٹس کے خلاف بھی تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے۔چیئرمین پیمرا نے پاکستان بھر میں قادیانی چینلزبند کرنے کا بھی حکم دیا ہے اس مقصد کے لیے پیمرا انسپکٹر مختلف مقامات پر چھاپے ماریں گے۔ اس معاملے میں پی ٹی اے، ڈی جی انویسٹی گیشن اتھارٹی اور ڈی جی کسٹمز و انٹیلی جنس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی تاکہ قادیانیوں کو ایک طرف ڈش پر نشریات پاکستان میں دکھانے سے روکا جاسکے تو دوسری طرف ان کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جاسکیں۔ قادیانی چینلز کا تکنکی سامان ضبط کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔