Tuesday April 30, 2024

رواں سال حج سے متعلق سعودی عرب کا پاکستان سے اہم رابطہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) رواں سال حج کے سلسلے میں سعودی عرب نے پاکستان سے رابطہ کرکے محدود حج کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ نے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے رواں سال محدود حج کے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر صالح بنتن نے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ رواں سال سعودی شہری اور اقامہ ہولڈر ہی حج ادا کریں گے۔
نیز کسرونا وبا کے باعث سعودی حکومت نے غیر ملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کر لی ہے۔وزارت مذہبی امور نے نئی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے جس میں عازمین حج کی رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ ترجمان مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں امسال سفیر اور سفارتی عملہ حج میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے گزشتہ رات اعلان کیا گیا ہے کہ اس بار حج میں صرف مملکت میں موجود مقامی اور تارکین وطن کو ہی حج میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ جبکہ دیگر ممالک کے عازمین اس بار حج پر نہیں آ سکیں گے۔کہ سعودی عرب نے محدود تعداد میں عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال سعودی عرب میں مقیم مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد حج کرسکیں گے۔
سعودی وزارت حج نے بیان میں کہا ہے کہ ’کورونا کی وبا کے ماحول، دنیا بھر میں وائرس کے پھیلنے کے خطرات اور روز بروز دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر طے کیا گیا ہے کہ اس سال حج میں اندرون ملک سے مختلف ممالک کے عازمین کو محدود تعداد میں شریک کیا جائے گا- یہ فیصلہ اس بنیاد پر کیا گیا ہے کہ حج محفوظ صحت ماحول میں ہو۔کورونا سے بچاوٴ کے تقاضے پورے کیے جائیں- عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جاسکے اور انسانی جان کے تحفظ سے متعلق اسلامی شریعت کے مقاصد پورے کیے جاسکیں۔

FOLLOW US