Friday April 19, 2024

کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں کی پریشانی بڑھادی، لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافے کا اعلان

کراچی(ویب ڈیسک):کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں کی پریشانی بڑھادی، لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافے کا اعلان، شہر قائد میں بجلی کی فراہمی کے ادارے کے الیکٹرک نے شہریوں کی پریشانی بڑھادی، لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہری شدید گرمی میں بجلی کی مزید لوڈ شیڈنگ کیلئے تیار ہوجائیں کیونکہ کےالیکٹرک نے شہر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافے کا اعلان کردیا ہے، آج رات سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شہر بھر میں شروع کردیا گیا۔

اس حوالے سے ترجمان کےالیکٹرک نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گیس اور فرنس آئل میں کمی کی وجہ سے کےالیکٹرک کی پیداواری صلاحیت شدید متاثرہوئی ہے، گیس اور فرنس آئل کی فراہمی میں بہتری نہ آئی تو لوڈشیڈنگ مزید بڑھ سکتی ہے۔واضح رہے کہ گرمی کی شدت کے باعث کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پہلے ہی اتنے پریشان ہیں کہ کہ ان کی رات کی نیند بھی پرسکون نہیں ہے اور اس پر ستم یہ کہ لوڈ شیدنگ میں مزید اضافے کا اعلان کردیا گیا۔گزشتہ روز بھی کراچی کے کئی علاقوں میں رات گئے بجلی کی فراہمی معطل رہی جب کہ شدید گرمی نے علاقہ مکینوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا۔کیماڑی بھٹہ ویلیج شانتی نگر، لیاقت آباد سی ون ایریا، گارڈن کے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ فری علاقہ ہونے کے باوجود ایک سے تین گھنٹے تک غیر اعلانیہ بجلی کی فراہمی معطل رہی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 17 روز سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، متعدد بار شکایتی مراکز پر شکایات بھی درج کرائی گئی ہیں لیکن اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ تکنیکی یا علاقائی فالٹس کے باعث آنے والے تعطل کو فوری درست کیا جاتا ہے جب کہ علاقائی فالٹس کی درستگی کے لیے صارفین 118 سے فوری رابطہ کریں۔

FOLLOW US