Monday January 20, 2025

رواں سال ملک کے بڑے شہروں پر اربن فلڈنگ کا خطرہ منڈلانے لگا ، خوفناک پیش گوئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے پری مون سون تیاری کانفرنس سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرسال مون سون کی بارشوں سے سیلاب کا خطرہ رہتا ہے، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر آؤٹ برسٹ سے بھی نقصانات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا اور ٹڈیوں کی صورتحال میں آنے والا مون سون سیزن مربوط حکمت علی کا تقاضا کررہا ہے لہٰذا ہمیں روایتی تیاری کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اربن فلڈنگ امکانات

اس سیزن میں زیادہ ہیں اور بڑے شہروں میں سیلاب آنے کے امکانات ہیں لہٰذا ارلی وارننگ کے انتظامات سمیت مقامی اداروں کی سطح پر تیاری کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے نیشنل کانٹیجنسی پلان بنایا ہے، تمام شراکت داروں سے مشاورت کی گئی ہے، پراعتماد ہوں کہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی مکمل تیار رہیں گی۔چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کراچی میں حکام سے گذارش ہے کہ تمام نالے صاف کروائيں جب کہ حیدر آباد، سکھر، لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، راولپنڈی اور نوشہرہ ميں بھی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں سال جولائی سے ستمبر کے دوران ملک میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں مون سون کی اچھی بارشوں کا امکان ہے، مون سون بارشوں سے ملک کے مشرقی دریاؤں میں سیلابی صورت حال ہوسکتی ہے اور بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ رہے گا۔گزشتہ سال بھی کراچی میں مون سون بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں درجنوں افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

FOLLOW US