Monday January 20, 2025

سول ایوی ایشن اتھارٹی کا 2 ملکی ائیرپورٹس پر بین الاقوامی پروازیں تاحال بند رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی کا 2 ملکی ائیرپورٹس پر بین الاقوامی پروازیں تاحال بند رکھنے کا فیصلہ، گوادر اور تربت کے ائیرپورٹس پر اب بھی بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت کی اجازت نہیں ہوگی، ملک کے باقی ائیرپورٹس سے بین الاقوامی پروازوں کی اجازت دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے فیصلہ کا 2 ائیرپورٹس پر اطلاق نہیں ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ گوادر اور تربت کے ائیرپورٹ تاحال بین الاقوامی پروازوں کیلئے بند رہیں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے21 جون سے معمول کا بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا نوٹم جاری کردیا ہے۔ 21 جون سے گوادراور تربت کے علاوہ ملک کے تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس سے بین الاقوامی پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت ہوگی۔

ابتداء میں فلائٹس صرف خلیجی مملک کیلئے آپریٹ کریں گی، اس کے بعد مرحلہ وار طریقے سے باقی ممالک کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کیا جائے گا۔ جبکہ خلیجی ممالک کیلئے آپریشن میں بھی مزدوروں کو ترجیح دی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے کرونا وائرس پھیلاو کے باعث مارچ میں بین الاقوامی اور مقامی پروازیں بند کر دی تھیں۔ بعد ازاں محدود پیمانے پر مقامی پروازوں اور بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے خصوصی پروازوں کی اجازت دے دی گئی تھی۔ کچھ ہفتے قبل ہی ملک میں آوٹ باونڈ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کی بھی اجازت دے دی گئی تھی۔ جبکہ 16 جون وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی فضائی حدود کھولنے کی اجازت دی تھی۔ وزیراعظم کے اس فیصلے کے تحت اب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کیلئے باقاعدہ نوٹم جاری کر دیا ہے۔

FOLLOW US