Monday January 20, 2025

پنجاب حکومت کا صوبے بھر میں مارکیٹیں ہفتے میں 3 دن کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ

لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کا صوبے بھر میں مارکیٹیں ہفتے میں 3 دن کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ، کرونا وائرس پھیلاو کے باعث مزید سختی کی جائے گی، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی مارکیٹ اور افراد کیخلاف فوری ایکشن لیا جائے گا، جرمانے عائد کرنے کیلئے باضابطہ آرڈیننس جاری کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کے خطرناک پھیلاو کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے بھر میں سختی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے خطرناک حد تک پھیلاو کو روکنے کیلئے صوبے بھر میں مارکیٹیں ہفتے میں صرف 4 روز کیلئے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ ہفتے میں 3 روز کیلئے تمام مارکیٹیں بند رہیں گی۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ماسک کی پابندی پر بھی سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے پنجاب اسمبلی سے باضابطہ آرڈیننس جاری کروایا جائے گا، جس کے تحت پولیس اہلکاروں کو جرمانے عائد کرنے کی اجازت ملے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کرونا وبا کے بڑھتے کیسز کے سبب صوبائی ڈارالحکومت لاہور کو پیر کے روز سے دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاون کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ فیصلے کی حتمی منظوری اسلام آباد میں این سی او سی سے مشاورت کے بعد وزیر اعظم سے لی جائے گی۔ دو ہفتوں کے لاک ڈاون میں صرف نہایت ضروری میڈیسن اور گروسری کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہو گی۔ جبکہ لاہور میں متاثرہ علاقوں کو مختلف زونز میں تقسیم کرکے سیل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور کے داخلی و خارجی راستے بھی بند کر دیے جانے کا امکان ہے۔

FOLLOW US