Saturday May 18, 2024

پاکستان میں کورونا متاثرین ایک لاکھ 16 ہزار 191، ایک دن میں 118 افراد جان سے گئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملک بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اورایک ہی دن میں اس وائرس نے 118 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیے جبکہ مجموعی کیسزکی تعداد 1لاکھ 16ہزار191 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز 23799 ٹیسٹ کیے
گئے جبکہ مجموعی طور پر7 لاکھ 54 ہزار 252 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 5385 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1لاکھ 16ہزار191 ہوگئی جبکہ 36308 مریض صحت یاب ہوگئے۔

سب سے زیادہ کورونا کیسز پنجاب میں ہیں جہاں اب تک 43460 افراد میں کوویڈ 19 کی تصدیق ہوچکی ہے۔ علاوہ ازیں سندھ میں 43 ہزار790، خیبر پختونخوا میں 14 ہزار 527، بلوچستان میں 7 ہزار31 ، گلگت بلتستان میں 974، آزاد کشمیر میں 444 اور اسلام آباد میں 5963 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 118 افراد لقمہ اجل بنے اس طرح اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 2290 ہوگئی۔جانی نقصان میں بھی پنجاب کا پہلا نمبر ہے جہاں اب تک 807 افراد اس وائرس کی زد میں آکر جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں 735، خیبرپختونخوا میں 610 ، بلوچستان میں 62 اسلام آباد میں 57، گلگت بلتستان میں 14 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 322 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔کروناوائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پرابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

FOLLOW US