لاپور(نیوز ڈیسک)توشہ خانہ ریفرنس، نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ جاری، نواز شریف کے گارڈ کا سمن وصولی سے انکار۔احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر کے جج سید اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت کی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹرنے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا پران کی طلبی کے سمن کی تعمیل کی گئی تھی تاہم نواز شریف کی گھرپرتعینات گارڈ عبدالمجید نے سمن وصول کرنے سے انکار کیا۔
عدالت نے نواز شریف کی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ آصف زرداری کی صرف ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی۔احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر نواز شریف، آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی ، انورمجید اور عبد الغنی مجید آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11 جون تک ملتوی کردی۔یوسف رضا گیلانی پر آصف زرداری اور نواز شریف کو غیر قانونی طور پر گاڑیاں الاٹ کرنے کا الزام ہے۔ اس ریفرنس میں اومنی گروپ کے سربراہ خواجہ انور مجید اور خواجہ عبدالغنی مجید کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔نیب ریفرنس کے مطابق آصف زرداری اور نواز شریف نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد قیمت ادا کر کے توشہ خانہ سے گاڑیاں حاصل کیں۔ یوسف رضا گیلانی نے اس سلسلے میں نواز شریف اورآصف زرداری کو سہولت فراہم کی اور تحائف کو قبول کرنے اور ضائع کرنے کے طریقہ کارکوغیرقانونی طورپرنرم کیا۔