لاہور(نیوز ڈیسک ) بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض نے عظمیٰ خان تشدد کیس میں اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کردی ہے۔ ملک ریاض کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ حسان نیازی کو لیگل نوٹس بھیج دیا گیا ہے، وہ ملک ریاض کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر 5ارب روپے ادا کریں۔ تفصیلات کے مطابق ملک ریاض کی جانب سے عظمیٰ خان کے وکیل حسان نیازی کے الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ملک ریاض کے وکیل نے کہا ہے کہ ملک ریاض پر تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے،
عظمی خان کے وکیل حسان نیازی، ملک ریاض پر الزامات عائد کرکے سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے مزید کہا ہے کہ حسان نیازی کو لیگل نوٹس بھیج دیا ہے۔نوٹس میں ملک ریاض کی جانب سے حسان نیازی کو غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے 7 روز کے اندر تحریری طور پر کسی بھی قسم کا الزام عائد نہ کرنے کی یقین دہانی کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ حسان نیازی ،ملک ریاض پر من گھڑت الزامات کی فی الفور تردید کریں اور ہتک عزت پر اپنا بیان واپس لیں۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حسان نیازی، ملک ریاض کی تمام ہدایات مانتے ہوئے عملدرآمد کریں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے موکل ملک ریاض کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے بدلے میں حسان نیازی 5ارب روپے ہرجانہ ادا کریں۔اظہر صدیق نے ویڈیو پیغام میں مزید بتایا ہے کہ ملک ریاض نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کی رقم کی آفر نہیں کی ہے اور یہ بے بنیاد الزام ہے۔ خیال رہے کہ عید سے 2روز بعد چند ویڈیوز سامنے آئی تھیں جن میں اداکارہ عظمیٰ خان اور ان کی بہن ہما خان پر چند خواتین کو تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اس حوالے سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان کا تعلق ملک ریاض ہے اور ان کی بیٹیوں نے عظمیٰ خان اور انکی بہن پر تشدد کیا۔ بیرسٹر حسان نیازی اداکارہ اور ان کی بہن کے وکیل ہیں اور انہوں نے بھی ملک ریاض پر الزام لگایا تھا کہ انکی جانب سے انہیں رقم لینے کی آفر کی جارہی ہے۔