Thursday November 28, 2024

پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کا سندھ میں 15 جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

کراچی : پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کا سندھ میں 15 جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان، چئیرمین حیدر علی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے طے کردہ ایس او پیز کے تحت اسکول کھولے جائیں گے، طلباء کو 2 شفٹوں میں اسکول بلایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن سندھ کے چئیرمین حیدر علی نے ہفتے کے روز پریس کانفرنس کر کے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں نجی اسکول 15 جون سے کھول دیے جائیں گے۔ چئیرمین پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن سندھ کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔

احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اسکولوں میں طلباء کو 2 شفٹوں میں بلایا جائے گا۔ طلباء اور اسٹاف کو ماسک اور دستانے پہننے کا پابند بنایا جائے گا۔ اسکولوں میں ہینڈ سینیٹائزرز کی دستیابی بھی یقینی بنایا جائے گا۔ یہاں واضح رہے کہ گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ سندھ میں تعلیمی اداروں کو یکم جون سے نہیں کھولا جائے گا۔ تعلیمی اداروں کی بندش میں مزید اضافہ کرتے ہوئے محکمہ تعلیم سندھ نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا۔ اس حوالے سے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت تعلیمی اداروں کو کھولنے کا رسک نہیں لے سکتے۔ ہم اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ فیسوں کی ادائیگی نہ ہونے سے نجی تعلیمی ادارے شدید مالی بحران سے دوچار ہیں۔ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے بچوں کو اگلے درجات میں ترقی دے دی گئی ہے جبکہ نویں تا بارہویں کے طلبہ و طالبات کو پرموٹ تو کردیا گیا ہے البتہ اس سلسلے میں قانون میں ترامیم کی جانی ہے،جس پر کام کیا جارہا ہے۔ ہم اس وقت تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں البتہ اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

FOLLOW US