اسلام آباد : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے سے بھی زائد کمی کا امکان، سمری تیار کر لی گئی، پٹرول 7 روپے 6 پیسے لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل 9 روپے 37 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 11 روپے 88 پیسے سستا کرنے کی سفارش، اوگرا نے سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ گراوٹ کے بعد پاکستان میں بھی عوام کو مسلسل تیسرے ماہ ریلیف دیے جانے کا امکان ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنے والے ادارے اوگرا نے خصوصی سمری تیار کر کے منظوری کیلئے پٹرولیم ڈویژن بھیج دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11روپے 88 پیسے فی لیٹر تک کمی کرنے کی سمری تیار کی گئی ہے ۔ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی سمری کے مطابق پٹرول 7 روپے 6 پیسے لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل 9 روپے 37 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 11 روپے 88 پیسے سستا کرنے کی سفارش کی ہے۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزارت خزانہ اوگرا کی سمری کا جائزہ لینے اور وزیراعظم سے منظوری لینے کے بعد یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے حتمی اعلان کرے گی۔ جبکہ بتایا گیا ہے کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت پیدا ہونے کی اطلاعات ملنے کے بعد متعلقہ حکام متحرک ہوگئے ہیں۔ پٹرولیم کمپنیوں سے ذخائر کی موجودہ صورتحال اور گزشتہ 3 ماہ کی خرید و فروخت کے اعداد و شمار طلب کیے گئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ تاہم اس کیلئے خود حکومت کو متحرک ہو کر اقدامات کرنا ہوں گے۔