اسلام آباد:فیصل مسجد میں اعتکاف کیلئے بیٹھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مسجد میں اعتکاف کیلئے بیٹھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا، خواہش مند افراد کل نماز عصر کے بعد اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ صرف کشادہ مساجد میں اعتکاف کی اجازت ہوگی۔جن مسجدوں میں ایس او پی کے تحت سماجی فاصلہ رکھنے کی گنجائش نہیں وہاں اعتکاف کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔ ضلعے کی ساڑھے 9 سو میں سے چھوٹی مساجد میں اعتکاف کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دوسری جانب ملک میں گزشتہ 24گھنٹوں میں 2225 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں
جبکہ مزید 31 افراد کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔مجموعی طور پر پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار336 ہو گئی جبکہ 737 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔متاثرہ افراد کی تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے جس کے بعد صورتحال مزید خراب ہونے کے خطرات موجود ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کےسب سے زیادہ13ہزار225مریض ہیں، سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12ہزار610ہے، خیبرپختونخواہ میں مریضوں کی تعداد 5ہزار21ہے،بلوچستان میں کورونا وائرس سےمتاثرہ افرادکی تعداد2ہزار158ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں475،آزاد کشمیر میں88افراد وائرس سے متاثرہیں، تا ہم دوسری جانب ملک بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 ہزار 812 ہو گئی ہے۔ملک بھر میں گزشتہ ایک مہینے سے لاک ڈاؤن تھا لیکن وفاقی حکومت نے گزشتہ ہفتے میں لاک ڈاؤن ختم کر دیا تھا جس پر د و دنوں سے عمل کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے خطرات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ چونکہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایک دم سے باہر آ گئی ہے، اس لئے کورونا وائرس کے مزید پھیلنے کے خطرات بہت زیادہ ہو سکتے ہیں جس کی تازہ مثال گزشتہ آنے والے نئے کیسز کی تعداد ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق 24گھنٹوں میں 2225 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 31 افراد کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔