Monday January 20, 2025

گورنر سندھ کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا، عمران اسماعیل نے پلازما عطیہ کرنے کا اعلان کردیا

کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ۔ عمران اسماعیل کورونا سے صحتیاب ہوگئے ہیں اور انکی کورونا رپورٹ نیگٹو آگئی ہے ۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ” الحمدالللہ! میرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے، جن لوگون نے میری صحت کیلئے دعا کی ان سب کا بہت شکریہ، میں کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے جلد پلازمہ عطیہ کروں گا۔ اس سے قبل گورنر سندھ کا کورونا ٹیسٹ دو بار مثبت تھا جس پر عمران اسماعیل نے عوام سے دعائوں کی اپیل کی تھی ۔ عمران اسماعیل نے بتایا تھا کہ ان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے ، انہوں نے تمام چاہنے والوں سے دعاوں کی درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ للہ مجھے اس بیماری سے لڑنے کی ہمت اور شفا دے۔انہوں نے کہا کہ میں کورونا کے خلاف جنگ جاری رکھوں گا اور وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ بھی جنگ لڑتا رہوں گا ۔

اس کے بعدسندھ کے وزیر برائے ریونیو مخدوم محبوب الزمان نے مٹیاری میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کو قرار دے دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 22 اپریل کو مٹیاری کا دورہ کیا تھا جس کے بعد سے ضلع میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ مٹیاری میں متاثرہ افراد کی تعداد 24 ہو گئی ہے جو گورنر سندھ کے یہاں آنے کے بعد ہوئی ہے ۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کرونا سے صحتیاب ہو کر اپنے فرائض دوبارہ سے سرانجام دیں گے۔ انہوں نے گور نرسندھ کی تبدیلی کا امکان مسترد کر دیا اور کہا کہ عمران اسماعیل ہی گورنر سندھ رہیں گے ۔

FOLLOW US