Thursday November 28, 2024

سندھ حکومت نے ناقص ٹیسٹنگ پر غلطی تسلیم کرلی، پیر پگاڑا کے صاحبزادے اور دیگر افراد سے معذرت کرلی

خیرپور : سندھ حکومت نے ناقص ٹیسٹنگ پر غلطی تسلیم کرلی ہے جس کے بعد حکام کی جانب سے پیر پگاڑا کے فرزند راشد شاہ راشدی اور دیگر افراد کو معذرت کے فون کیے گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں خیرپور میں ریکارڈ کورونا کیسز سامنے آئے تھے اور پیر پگاڑا کے فرزند راشد شاہ راشدی کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس پر انہوں نے شکوک کا اظہار کیا تھا۔ اس کے بعد اب سندھ حکومت نے خیرپور میں ریکارڈ کورونا کیسز سامنے آنے ناقص ٹیسٹنگ کی غلطی تسلیم کرلی ہے۔غلط ٹیسٹنگ رزلٹ آنے کے بعد فنکشنل لیگ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیرجوگوٹھ میں کورونا کے بہت زیادہ کیسز ایک ساتھ سامنے آئے تھے لیکن بعد میں تمام کیسز نیگٹو نکلے ۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے کاروباری اوقات کار تبدیل کردیے ہیں، چھوٹے کاروبار صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، جبکہ شام 5 بجے سے صبح 6 بجے تک لوگوں کی مارکیٹوں ، بازاروں میں نقل وحرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی ۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق سندھ میں تمام چھوٹی مارکیٹیں، کاروبار پیر سے جمعرات تک صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ ہفتے میں تین روز جمعہ، ہفتہ، اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ اسی طرح کاروباری اوقات کے علاوہ عوام کی شام 5 بجے سے صبح 6 بجے تک لوگوں کی مارکیٹوں اور بازاروں میں نقل وحرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ اس سے قبل وفاقی حکومت کے فیصلوں کے باعث سندھ حکومت نے بھی 9 مئی سے جزوی لاک ڈاؤن ختم کردیا ہے۔ اور چھوٹی دکانیں اور کاروبار صبح 5 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی تھی۔

FOLLOW US