بہاول پور(مانیٹرنگ ڈیسک ) چودھری نثار کے بعد مسلم لیگ (ن) میں موجود ایک اور سینئر رہنمااور وفاقی وزیر نے دب چھپے لفظوں میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے گلہ شکوہ کر ڈالا وفاقی وزیر برائے کھیل میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کو بتایا کہ ضرورت سے زیادہ اپنے بچوں کے پیچھے چلنے کی بجائے پارٹی میں موجود ان سینئر
سیاست دانوں کی رائے کو اہمیت دی جائے جو عرصہ دراز سے پارٹی کے لیئے مخلص ہو کر محنت کر رہے ہیںپارٹی چھوڑنے کی بات کبھی نہیں کی قیادت سے اختلاف سینئر رہنماؤں کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے پیدا ہوا۔ڈیرہ بکھا کاٹن فیکٹری میںصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرذادہ نے کہا کہ علاقہ سے پرانا تعلق ہے ڈیرہ بکھا شیخ واہن کی طرح میرا گھر ہے۔ پرانے حلقے بحال ہونے سے بہت خوشی ہوئی ہے اس سے اپنے علاقے کی عوام کی بہتر خدمت کر سکوں گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ قیادت کو ہمیشہ مشورہ دیا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالا دستی کو یقینی بناکر ہی جمہوریت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ملک اداروں سے ٹکراؤ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاست دانوں میں خود احتسابی کا عمل شروع ہو جائے تو جمہوریت مضبوط ہو سکتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے پارٹی سربراہ بننے کے باوجود میاں نواز شریف کا اپنا ایک مقام ہے اس موقع پر ڈیرہ بکھا کی سیاسی شخصیت چوہدری حمید نے میاں ریاض حسین پیرذاہ کو آئیندہ الیکشن میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ریاض حسین پیرذاہ سے پرانا تعلق ہے ان کو ڈیرہ بکھا میں خوش آمدید کہتے ہیں.