Sunday January 19, 2025

لاہور کے بازاروں میں گہماگہمی عروج پر لوگ بغیر ماسک اور بغیر سماجی فاصلہ رکھے خریداری میں مصروف

لاہور: صوبائی دارلحکومت کے بازاروں اور مارکیٹوں میں لوگ خود کورونا کو دعوت دینے لگے، لوگوں نے ماسک لگانا گوارہ کیا نہ ہی سماجی فاصلے کا خیال رکھا ، تاجروں نے بھی لاک ڈاؤن کی کوئی پروا نہیں کی،بازاروں میں گہماگہمی سے کورونا پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے لاک ڈاؤن بھی تھوڑی سی نرمی برتنے کے ساتھ ہی لوگوں نے لاک ڈاؤن کو سائیڈ لائن کردیا، جبکہ کھلے عام بغیر حفاظتی اقدامات اور سماجی فاصلہ برقرار رکھے بازاروں میں پھرتے خریداری کرتے رہے، بازاروں میں مرد ، جوان، عورتیں اور ان کے ساتھ بچے بھی خریداری میں شریک رہے۔

اسی طرح بزرگ شہریوں نے بھی کورونا کا کوئی خیال نہیں کیا، جبکہ پنجاب کا لاہور ایسا شہر ہے جہاں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود دکانداروں نے دکانوں کے شٹر گرا کر سامان بیچتے رہے۔ تاہم اس دوران اچھرہ بازار، شاہدرہ، اقبال ٹاؤن، اعظم مارکیٹ اور شاہ عالم مارکیٹ سمیت دیگر جگہوں پر سماجی فاصلے پر کوئی عمل نہیں کیا جارہا۔ لوگ مارکیٹوں اور بازاروں میں ایسے گھوم پھر رہے ہوتے ہیں جیسے کوئی کورونا نہیں ہے، بلکہ کورونا محض ایک افواہ ہے، کوئی کورونا نام کی چیزنہیں ہے، لوگ بالکل نارمل زندگی کی طرح بازاروں کو خریداری کرتے نظر آتے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد کے آئی ٹین سیکٹر میں مزید9 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے باعث آئی 10سیکٹر کی 6 گلیوں اور عمر شاپنگ سنٹر کو سیل کردیا گیا ہے۔ اسی طرح نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کردیں، ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 13846، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی 19103تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 989 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، 23 مزید اموات کے ساتھ مجموعی اموات 440 ہوگئیں ۔ این سی او سی کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 7106 تک پہنچ گئی، سندھ میں 7102 کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختونخواہ میں کیسز کی تعداد 2907 اور اسلام آباد میں 391 ہوگئی، بلوچستان میں 1172, گلگت بلتستان میں356 کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 67 ہوگئی۔

FOLLOW US