Thursday November 28, 2024

کوئی نرمی نہیں کی جائے گی، سندھ حکومت نے صوبے میں نافذ لاک ڈاون رمضان المبارک کے اختتام تک جاری رکھنے کا اعلان کر دیا

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں نافذ لاک ڈاون رمضان المبارک کے اختتام تک جاری رکھنے کا اعلان کر دیا، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ نئے نوٹیفیکیشن کی ضرورت نہیں، 23 اپریل کو جاری کیا گیا اعلامیہ ہی کافی ہے، میڈیا پر لاک ڈاون خاتمے کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات وبلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بتایا ہے کہ صوبے میں نافذ لاک ڈاون کو ماہ مقدس کے اختتام تک جاری رکھا جائے گا، تاہم اس کیلئے کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔

اس حوالے سے 23 اپریل کو صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا اعلامیہ ہی کافی ہے۔ صوبائی وزیر نے واضع کیا ہے کہ صوبے میں لاک ڈائون کو ختم کرنے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں، حکومت سندھ کے لئے اس کی عوام کی جانوں سے بڑھ کر کچھ اور عزیز نہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ کے مطابق بعض عناصر کی جانب سے لاک ڈائون کے خاتمے کا جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں۔ ناصر حسین شاہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ فی الحال کاروباری طبقے کو آن لائن معاشی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے، کوئی بھی ایسا منصوبہ یا پلان زیر غور نہیں جس میں صوبے سے لاک ڈائون مکمل طور پر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہو۔ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ہنگامی طور پر حفاظتی اقدامات نہ اٹھاتے تو آج صورت حال کچھ اور ہوتی۔

سندھ کی عوام نے جس بھرپور اورشاندار انداز سے حکومت سندھ کے کارونا کے خلاف اقدمات کا ساتھ دیا ہے، تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ عوام کے شانہ بشانہ علما، مشائخ عظام، ڈاکٹرز، فورسز کے اہلکار، طلبا، بوڑھے، نوجوان، خواتین اور بچوں سمیت سندھ دھرتی کا ہر باسی مبارک باد کا مستحق ہے جس نے اپنے تعاون اور نظم و ضبط سے پوری قوم کے لئے عمدہ مثال قائم کی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ حکومت سندھ کی تیار کردہ ایس و پیز پر عمل در آمد کرنا ضروری ہے تاکہ انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ معاشی پہیہ بھی چلتا رہے۔ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ایس او پیز پر عمل در آمد کروانے کے لئے سختی کے بجائے عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ہماری مدد کریں اور کارونا کے خلاف جنگ میں ہر آول دستے کا کردار ادا کریں۔

FOLLOW US