Sunday January 19, 2025

متحدہ عرب امارات سے طبی آلات اور کھانے پینے کے سامان کی تیسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات سے طبی آلات اور کھانے پینے کے سامان کی تیسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج پاکستان کے دوست اسلامی ملک متحدہ عرب امارات نے کورونا وبا سے لڑنے کیلئے پاکستان کی مدد کی خاطر 14ٹن طبی سامان اور کھانے پینے کی اشیاء کی کھیپ بھیجی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پارپاکستانی سید ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں 14ٹن طبی سامان اور کھانے پینے کی اشیاء پاکستان بھیجنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ اداکرتے ہیں۔

ذلفی بخاری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ میری دعا ہے کہ دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان رشتہ مزید مضبوط ہو۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار 742 جبکہ اموات 322 ہوگئی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کردی ہیں، ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد14742 ہوگئی ہے جن میں ایکٹو کیسز کی تعداد 10ہزار969ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)کے مطابق منگل کی صبح 8 بجکر 30 منٹ تک گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 751نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 5640 تک پہنچ گئی،سندھ میں 4956 کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختونخوا میں کیسز کی تعداد 1984اور اسلام آباد میں261 ہوگئی، بلوچستان میں 853 گلگت بلتستان میں 320کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 65 ہوچکی ہے۔کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 322تک پہنچ گئی جن میں سے گذشتہ 24 گھنٹوں کی 29 اموات شامل ہیں۔ اس طرح سندھ میں 85، پنجاب میں 91، کے پی کے میں 104، اور بلوچستان میں 14 او اسلام آباد میں 4 مریض کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔ اب تک ایک لاکھ 57 ہزار 223 افراد کے کورونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کئے گئے،گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6417 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، کورونا وائرس سے اب تک3233 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

FOLLOW US