Monday January 20, 2025

قومی ایئرلائن میں سماجی فاصلے کی خلاف ورزی پر مسافر برس پڑے

لاہور: قومی ایئرلائن پی آئی اے سماجی فاصلے کی خلاف ورزی پر مسافر برس پڑے، مسافروں نے کہا کہ کیا کورونا جہاز کے باہر ہے، جہاز میں کورونا نہیں ہے، یہاں مسافروں کو ساتھ ساتھ کیوں بٹھایا گیا ہے ؟ کیوں سماجی فاصلے کی پالیسی نہیں اپنائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر قومی ایئرلائن کے حوالے سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں مسافر سماجی فاصلے کی خلاف ورزی پر ایئرلائن عملے پر برس رہے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ کورونا صرف جہاز کے باہر ہے، پرواز میں کورونا سے بچاؤ کی پالیسی کیوں اختیار نہیں کی گئی؟ ہمیں مسافرو ں کو کہا گیا تھا کہ جہاز میں سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے کورونا سے بچاؤ کیلئے سیٹ چھوڑ کر مسافروں کو بٹھایا جائے گا، لیکن یہاں تو سب ساتھ ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں، جہاز کھچا کھچ بھرا ہوا ہے، سماجی فاصلہ رکھنے کی مہم کہاں ہے؟کچھ سیٹیں ایک ہی وقت میں بک کی گئی ہیں۔

مسافروں سے سماجی فاصلے کے حساب سے پیسے لیے گئے ۔ لیکن یہاں کوئی احتیاط نہیں ہے، ایئرپورٹ بڑا سینیٹائزر لگایا گیا ہے۔ ہدایات کی گئیں، لیکن یہاں کچھ بھی ایسا نہیں ہے، ہمیں کیوں بے وقوف بنایا جا رہا ہے؟ مسافرو ں نے کہا کہ ہمیں کوئی سروکار نہیں کہ آپ ایک فلائٹ چلائیں یا 10چلائیں ، قومی ایئرلائن مسافروں سے 14سو سے 18سو ڈالر کرایہ وصول کررہی ہے، لیکن یہاں جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ہم کوئی بھیک میں یا مفت نہیں جا رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز نے فضائی اور گرائونڈ عملے کیلئے حفاظتی سامان خریدنے کی تیاری شروع کردی ۔حفاظتی لباس اور بائیولوجیکل سوٹ کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کردیا گیا ۔ دلچسپی رکھنے والے افراد کو 11 مئی کو ٹینڈر میں شریک ہونے کی پیشکش کی گئی ہے ۔حفاظتی لباس پائلٹس، کریو اور گرانڈ اسٹاف میں تقسیم کیے جا سکیں گے ۔پی آئی اے انتظامیہ نے تمام متعلقہ افسران سے حفاظتی لباس کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں۔

FOLLOW US