Thursday February 13, 2025

پنجاب کے اہم علاقے میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ۔۔ہلاکتوں کی اطلاعات

ڈیرہ غازی خان(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک دفعہ پھر ملک میں قیام امن کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔پنجاب رینجرز نے دہشتگردی کی بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جوابی فائرنگ میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں

راکھی مو کے قریب بارڈر ملٹری پولیس چیک پوسٹ پر اسنیپ چیکنگ کے دوران فورٹ منرو سے سخی سرور کی طرف آنے والی ایک کار کو رکنے کا اشارہ دیاگیا، کار ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے اس کی رفتار تیز کردی۔ جس پر رینجرز اہلکاروں نے کار کا پیچھا کیا۔ فرار کی کوشش ناکام ہوتا دیکھ کر دہشت گردوں نے سخی سرور روڈ پر کار سے نکل کر رینجرز پر فائرنگ شروع کردی ، جوابی فائرنگ میں تینوں دہشتگرد ہلاک جبکہ رینجرز کا ایک جوان زخمی ہوگیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کار کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ لاشوں کو شناخت کیلئے قریبی ہسپتال منتقل جبکہ شواہد کی روشنی میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔