Monday January 20, 2025

رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں افطاری و سحری کا سامان مہنگا، سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ گئیں

سکھر(این این آئی)رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں افطاری و سحری کا سامان مہنگا،منافع خوروں نے سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دی ، غریب عوام کا دسترخوان بھی تنگ کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی بازاروں میں افطاری و سحری کا سامان مہنگا کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی رمضان المبارک کے چاند سے قبل ہی منافع خوروں نے اشیاء خوردنوش سمیت سبزیوں اور فروٹ کی قیمتیں آسمان پر پہنچا کرغریب عوام کا دسترخوان مزید تنگ کردیاہے افطاری کے دستر خوان کی زینت سموسے اور پکوڑے،،اور ان کی تیاری کے لئے ٹماٹر

پیاز آلو ہری مرچ لیموں جیسی بنیادی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن رمضان سے پہلے ہی ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگ گئی ہیں،سرکاری دعوؤں کے مطابق رمضان المبارک سے قبل اشیاء کی قیمت میں کمی کے اعلانات کئے گئے اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں قائم کی گئی لیکن منافع خوروں نے سرکاری احکامات ہوا میں اڑا کر اشیاء خوردنوش فروٹ، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر کے اس بابرکت مہینے میں متوسط طبقے کے دسترخوان کو مزید تنگ کر دیا ہے۔ رمضان المبارک کے ایام سے قبل ہی مہنگائی پر عوام کا کہنا ہے کہ ہر ملک میں مخصوص تہواروں پر حکومت کی جانب سے عوام کو ہر چیز پر ریلیف دیا جاتا ہے لیکن پاکستان جیسے مسلم ملک میں ہر چیز کی قیمتیں ڈبل کر کے عوام کے صبر کا مزید امتحان لیا جاتا ہے شہریوں نے سکھر انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

FOLLOW US