Monday January 20, 2025

اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا

لاہور: اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت، جواد رفیق ملک کو پنجاب کے چیف سیکرٹری کا عہدہ سونپ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب کے حوالے سے بڑا انتظامی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتہائی طاقتور تصور کیے جانے والے اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے جواد رفیق ملک کو صوبہ پنجاب کا نیا چیف سیکرٹری مقرر کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹی فیکشن جاری کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سابق چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہاں یہ یاد رہے کہ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان نے گزشتہ برس نومبر 2019ء میں چیف سیکرٹری پنجاب کے عہدے کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اعظم سلیمان ڈی ایم جی کے 14 ویں کامن سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ ڈی سی او ڈی جی خان، ڈی سی او فیصل آباد، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور بطور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی سروس کا ایک بڑا حصہ پنجاب میں گزرا ہے۔ وفاقی حکومت نے انہیں گزشتہ برس یوسف نسیم کھوکھر کی جگہ چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کیا تھا۔ اعظم سلیمان مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں بھی چیف سیکرٹری پنجاب رہ چکے ہیں۔

FOLLOW US