Friday November 29, 2024

مدرسے کے امام کے والد کی کورونا سے وفات کے بعد مزید 9افراد کا ٹیسٹ پازیٹو آگیا

اسلام آباد: مدرسے کے امام کے والد کی کورونا سے وفات کے بعد مزید 9افراد کا ٹیسٹ پازیٹو آگیا، اسلام آباد میں موجود مدرسہ سیل، مدرسے میں موجود تمام افراد کو قرنطینہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود ایک مدرسے میں 9افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مدرسے کے امام کے والد میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد وہ جاں بحق ہوگئے۔

انتظامیہ نے مدرسے میں موجود دوسرے لوگوں اور رشتہ داروں کے ٹیسٹ کیے تو مزید 9افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد انتظامیہ نے مدرسے میں موجود تمام افراد کو قرنطینہ کرکے مدرسے کو سیل کردیا ہے۔ مدرسے کے افراد سے اور جو لوگ گزشتہ دنوں میں ملے ان کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر شرح اموات 2.1 فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والوں کا تناسب 22.1 فیصد ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 212 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک 2ہزار156افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 10 ہزار76ہوگئی ہے۔ ملک میں اب تک 1لاکھ 18ہزار 20ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں سے 10ہزار 76ٹیسٹ پازیٹو آئے۔ اب تک ملک میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 212 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 7ہزار 708ایکٹو کیسز موجود ہیں جن میں سے 58مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب میں اگرچہ متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے تاہم ہلاکتوں کی بات کی جائے تو یہ صوبہ 51 اموات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ملک میں گزشتہ 24گھنٹوں کےدوران 511نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 11اموات ہوئی ہیں۔ اب تک ملک میں 2ہزار 156مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئےہیں۔

FOLLOW US