Monday January 20, 2025

ڈاکٹرز کی محنت رنگ لانے لگی، پنجاب میں 700سے زائد مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے

لاہور : صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا ہے کہ پنجاب میں کوروناوائرس کے مریضوں کابہترین علاج معالجہ جاری ہے۔ صوبہ بھرمیں کوروناوائرس کے سات سوسے زائد مریض صحتیاب ہوکراپنے گھروں کوواپس جاچکے ہیں۔ پنجاب میں ابھی تک کوروناوائرس کے اٹھاون ہزارسے زائدتشخیصی ٹیسٹس کئے جاچکے ہیں۔ وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں ویڈیولنک کانفرنس کے ذریعے قومی پارلیمانی کمیٹی برائے کوروناوباء کے تیسرے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن سلوت سعیداور ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل بھی موجودتھے۔ اجلاس سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرکی زیرصدارت منعقدہوا۔

اجلاس میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی، شیری رحمن، خواجہ آصف، راجہ پرویزاشرف، معاون خصوصی ڈاکٹرظفرمرزا، ظہیرالدین بابر ودیگرممبران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے قومی پارلیمانی کمیٹی اجلاس برائے کووروناوباء کے حاضرین کوپنجاب میں کوروناوائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ، تشخیصی ٹیسٹس کی صلاحیت، مختص بستروں، طبی سہولیات، ادویات کے ٹرائلز اورہیلتھ پروفیشنلزکودیئے گئے حفاظتی سامان کے اعدادوشمارکی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں کوروناوائرس کے مریضوں کابہترین علاج معالجہ جاری ہے۔ صوبہ بھرمیں کوروناوائرس کے سات سوکے قریب مریض صحتیاب ہوکراپنے گھروں کوواپس جاچکے ہیں۔ پنجاب میں ابھی تک کوروناوائرس کے اٹھاون ہزارسے زائدتشخیصی ٹیسٹس کئے جا چکے ہیں ۔ پاکستان کے پچاس فیصدسے زائدتشخیصی ٹیسٹس پنجاب نے کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قرنطینہ میں تیس ہزارسے زائد بستروں کی سہولت موجودہے۔

نجی ہسپتالوں میں بھی کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے طبی سہولیات مختص کردی گئی ہیں۔ صوبہ بھرمیں ٹیسٹنگ کی صلاحیت کوبڑھایاجارہاہے۔ بحریہ آرچرڈہسپتال نے بھی کوروناوائرس کے تشخیصی ٹیسٹ دوہزارروپے میں شروع کردیئے ہیں۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں لیول تھری کی مزیدلیبزکوجلدفعال کردیاجائے گا۔ پنجاب کے پاس کوروناوائرس کے تشخیصی ٹیسٹوں کیلئے پچپن ہزارسے زائدکٹس کاسٹاک موجودہے۔ وزیر صحت پنجاب نے مزید کہاکہ کوروناوائرس کاشکارمریضوں کے علاج کیلئے مختلف ادویات کے ٹرائلزجاری ہیں۔ ملتان میں چھ ہزارہیلتھ پروفیشنلزکوحفاظتی سامان تقسیم کیاجاچکاہے۔ ملتان میں کوروناوائرس کاشکارڈاکٹرزکی اکثریت کے ٹیسٹ منفی آچکے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ کوروناوائرس کے مریضوں کاعلاج کرنے والے ہیلتھ پروفیشنلزکومکمل محفوظ ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پوری قوم کوکوروناوائرس کے خلاف جنگ لڑنی ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی قیادت میں کوروناوائرس پرقابوپانے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔

FOLLOW US